صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جرأت اور بہادری پر فخر ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے ہزاروں بہادر سپوتوں اور بیٹیوں کی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے خواہاں عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔