وزیراعظم شہباز شریف نے آج لندن سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز کی تقریب میں شرکت کی۔
یہ تقریب پاکستان کے تین ارب ڈالر کے DUAL TRANCHE یورو بانڈز کی لسٹنگ کے سلسلے میں بھی منعقد کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں منافع بخش، باہمی طور پر فائدہ مند اور محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں جس کے باعث ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری راغب کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا حالیہ تین ارب ڈالر کا یورو بانڈ معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط ادارہ جاتی اصلاحات، معیشت کو ڈیجیٹلائز کرنا اور دیگر ضروری اقدامات سے معیشت کی بحالی میں مدد ملی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان صرف قرض پر انحصار کی بجائے خصوصاً سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت میں اپنا کردار مزید مضبوط کرنے کے لیے بین الاقوامی اقتصادی منڈیوں سے رہنمائی کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری سرپرستی والے کاروباری اداروں کی نجکاری کی طرف بھی بڑھ رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح خلیجی تنازع سے پیدا ہونے والے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور امریکا اور ایران کے درمیان امن قائم کرنے کے لیے ثالث کا بھی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کوششیں ایک محفوظ صورتحال کے حصول تک جاری رہیں گی۔
انہوں نے لندن سٹاک ایکسچینج گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ SCHWIMMER کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔