Tuesday, 29 September 2026, 09:35:01 pm
 
اسحاق ڈار کا فیول ریلیف اسکیم کے تحت خدمات کی بلاتعطل فراہمی کیلئے موثر رابطہ کاری پر زور
September 29, 2026

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کو سہولت فراہم کرنے اور ملک میں خدمات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے رابطہ کاری کو موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے آج اسلام آباد میں فیول سبسڈی کے بارے میں قومی رہبر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

کمیٹی نے رجسٹریشن، ٹوکن حاصل کرنے، ادائیگیوں اور شکایات کے ازالے کے نظام پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک چھہتر لاکھ رجسٹریشنز کی گئی ہیں اور ٹوکن کے حصول کا عمل دوسرے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔

کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ آج تک ستتر لاکھ دس ہزار ٹوکن حاصل کئے گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے سکیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی مجموعی حکمت عملی کی عکاس ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی وزارت، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت پیٹرولیم، اوگرا، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور تمام صوبوں نے حکومت کی مجموعی حکمت عملی میں ٹھوس کوششیں کی ہیں۔