قومی سلامتی کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نئی بات چیت کی بنیاد پر نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے ۔
انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی اولین ترجیح اقتصادی شراکت داری قائم کرنا ہے جس کے بعد عالمی مسائل سے نمٹنے اور علاقائی امن یقینی بنانے سمیت سیکیورٹی شراکت داری کو باضابطہ بنانا ہے ۔معاون خصوصی نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ ایسے دوطرفہ تعلقات چاہتا ہے جو خطے میں دیگر ممالک کے ساتھ امریکی تعلقات کی پالیسی سے متاثر نہ ہوں۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہاکہ وہ ایسا ماحول پیداکرنا چاہتے ہیں جن میں تھنک ٹینکس جامع بات چیت کرسکیں تاکہ خیالات کا تسلسل جاری رکھا جاسکے اور انھیں پالیسی سازی میں استعمال کیاجاسکے۔