Wednesday, 22 January 2025, 08:01:32 pm
 
پائیدار ترقی کا حصول پاکستان کی اولین ترجیح ہے،محمداورنگزیب
January 22, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کا حصول پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم میں ترقی پذیر معیشتوں پر عالمی قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطح کے مباحثے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی ملکی پیداوار کے حساب سے قرضوں کی شرح 78 فیصدسے کم ہوکر67 فیصد ہوگئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کا مقصد عالمی بینک کے ساتھ دس سالہ شراکت داری پروگرام کے ذریعے بڑھتی ہوئی آبادی، غربت اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنا اور پائیدار معاشی ترقی کی جانب بڑھنا ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں کاروباری روابط کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت چینی کمپنیوں کی پیداواری یونٹس کو پاکستان منتقل کرنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان کو اپنی برآمدات کا مرکز بنا سکتی ہیں۔