پاکستان نے فلسطین کاز کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی مشکلات دور کرنے کیلئے فوری عالمی اقدام پر زور دیاہے۔
اس عزم کااعادہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ترکیہ کے شہر انقرہ میں فلسطین کی حمایت کیلئے ارکان پارلیمنٹ کے گروپ کے افتتاحی اجلاس کے دوران کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں پاکستان کے پارلیمانی وفد نے اجلاس میں شرکت کی۔
سپیکر نے انیس سوسڑسٹھ سے قبل کی سرحدوں اور القدس الشریف کے دارلحکومت کے ساتھ ایک آزاد' خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے حق میں پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کا موازنہ کرتے ہوئے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کی حالت زار کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائی۔
ادھر اجتماعی عزم اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر نعمان Kurtulmuکی دعوت پر پارلیمان کا اجلاس طلب کیا گیا۔
اجلاس میں فلسطینی عوام کے حقوق، مسئلے کے دو ریاستی حل اور فلسطین میں انسانی بحران کے فوری خاتمے کی حمایت کیلئے اجتماعی کوششوں کو مستحکم کرنے کیلئے دنیا بھر سے ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
سردار ایاز صادق نے فلسطینی نیشنل کونسل کے صدر Rawhi Fattouh سے اپنی ملاقات میں غزہ کی مدد کیلئے پاکستان کی ٹھوس کوششوں کو اجاگر کیا جن میں غزہ اور لبنان کیلئے وزیراعظم کے امدادی فنڈ، اسرائیلی مظالم کی مذمت کیلئے ایک متفقہ پارلیمانی قرارداد کی منظوری اور بین الاقوامی فورمز پر بھرپور حمایت شامل ہیں۔