وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے رہنماء ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے انتخابی ٹریبونل کی کارروائی میں تاخیر کرنے کی درخواست پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اُن کے وکلاء آج (پیر) انتخابی ٹریبونل میں مکمل تیاری اور تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ پیش ہوئے۔انہوں نے کہا دوسری جانب دوسری پارٹی کے پاس اپنے دعوئوں کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ظہیر عباس کھوکھر نے انتخابات میں اُن کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اب وہ ٹریبونل کا سامنا کیوں نہیں کر رہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ بار بار التواء کی درخواستیں دے کر جان بوجھ کر اِس عمل میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر اُن کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے تو انہیں اِس بات کو تسلیم کرنا چاہئے کہ اُن سے غلطی ہوئی ہے۔