Wednesday, 18 September 2024, 10:49:12 pm
 
صدروزیراعظم کاجمہوریت قانون کی حکمرانی کیلئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ
September 15, 2024

صدر اور وزیراعظم نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے پختہ اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے، ضروری اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے زور دیا کہ قوم کو درپیش موجودہ چیلنجوں کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل میں مضمر ہے۔

مصنوعی ذہانت کی استعداد کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت شفافیت کو بڑھانے، احتساب اور سرکاری انتظامیہ کی استعداد کار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

صدر نے جمہوریت کے تحفظ، عوامی تحفظات کو دور کرنے اور عوام کی شمولیت کیلئے پالیسیوں کی تشکیل کو یقینی بنانے میں پاکستانی پارلیمنٹ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں آئین کی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کیلئے پختہ اور غیر متزلزل عزم دہرایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ان جمہوری اقدار کی پاسداری بحثیت قوم ہماری پہچان ہے آئیں ہم شمولیت، انصاف اور سب کیلئے مساوات کے قیام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہم متحد ہو کر جمہوریت کی بنیادیں مستحکم کرسکتے ہیں اور یہ یقینی بناسکتے ہیں کہ یہ آئندہ نسلوں کیلئے امید اور ترقی کی کرن ثابت ہوگی۔