صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مقیم سکھ برادری کو بیساکھی کے پرمسرت موقع پرمبارکباد دی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مقیم سکھ برادری کوبیساکھی کے پرمسرت موقع پرمبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا بیساکھی پاکستان کی خوبصورتی اس کی ثقافتی اور مذہبی تنوع کی علامت ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ سکھ برادری وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر قائم رہنے کیلئے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت نے سکھ برادری کی خوشیوں، ترقی اور سلامتی کیلئے دعا کی۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اوردنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو بیساکھی کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خوشی کا یہ موقع نہ صرف ربیع کی فصل کے پکنے کا اعلان ہے بلکہ ایک تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے جو کسانوں کیلئے بڑی خوشی کا وقت ہے، جب وہ اپنی محنت کا پھل فصل کی کٹائی کے طورپرحاصل کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن امید، اتحاد اور تجدید کے پائیدار جذبے کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے جو تمام برادریوں کو متحد کرتا ہے اور ہماری قومی قوت کومزید تقویت بخشتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بیساکھی کے جذبے سے متاثر ہو کر ایک روشن، جامع اور مضبوط مستقبل کی تعمیر کیلئے مل کر آگے بڑھنا چاہئے۔
دریں اثناء مذہبی اُمور کے وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے ننکانہ صاحب میں بیساکھی میلے کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملک میں رہنے والی تمام اقلیتوں کا ہے اور یہاں ہر مذہب کا احترام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو عبادات اور اپنے تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے بھارت کے اِس بے بنیاد پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کر دیا کہ پاکستان میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت نے بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سمیت بیرون ملک اور پاکستان بھر سے ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔