Wednesday, 16 April 2025, 05:59:04 am
 
صدر،وزیراعظم کی بلوچستان میں دہشتگردحملے کی شدیدمذمت
April 15, 2025

ضلع مستونگ میں آج (منگل) صبح ہونے والے بم دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے تین جوان شہیداور چودہ زخمی ہوگئے ہیں۔

حکومت بلوچستان کے ترجمان کے مطابق تمام زخمیوں کو علاج کیلئے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے شمس آباد میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے بلوچستان کانسٹیبلری کے تین اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے ملک سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔