Wednesday, 16 April 2025, 12:56:08 am
 
وزیراعظم کا مارچ میں ریکارڈ ترسیلات زربھیجنے پربیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہارتشکر
April 14, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مارچ کے مہینے میں 4.1 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں اس سال مارچ میں ترسیلات زر میں 37.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی لگن، جذبے اور ملکی معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ملک انتھک محنت اور لگن سے کام کرکے نہ صرف ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ ترسیلات زر سے ملکی معیشت کو بھی مستحکم کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے محنت کش سمندر پار پاکستانیوں پر فخر ہے اور حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے۔

پاکستان کو گزشتہ ماہ چار اعشاریہ ایک ارب ڈالرز کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہوئیں جو ایک ماہ میں موصول ہونے والی سب سے زیادہ ترسیلات زر ہیں۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ملک کو اٹھائیس ارب دس کروڑ ڈالرز کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جو کہ تینتیس فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔