پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی اراکین کانگریس نے اپنے دورے کو انتہائی کامیاب اور مستقبل کے حوالے سے اہم قرار دیا ہے۔
دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رکن کانگریس جیک برگ مین نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں اور شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، اس شراکت داری میں معدنیات ایک اہم شعبہ ہے۔
تھامس سوزی نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سلامتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے دونوں ممالک مل کر کام کریں گے۔
جوناتھن جیکسن نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ تاریخ اور اعتماد کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک سنہری موقع موجود ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔