وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اجتماعی کوششوں' پوری قوم کی دعائوں اور انتھک محنت سے پاکستان کی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے آج (اتوار) لندن میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے پہلے سالانہ کنونشن کا انعقاد ایک بڑی کامیابی ہے جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کووطن عزیز سے دوبارہ رابطے کا موقع میسر آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے حقیقی تحفظات اور مسائل کو اجاگر کرنے کا نادر موقع بھی فراہم کرتا ہے تاکہ ان کا تدارک کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کے لئے ہر سال اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بھیجتے ہیں اور اس سال ان کی جانب سے ترسیلات زر میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔