Tuesday, 15 April 2025, 09:55:49 am
 
وزیرداخلہ اورامریکی ارکان کانگریس کا باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال
April 13, 2025

امریکی کانگریس کے ارکان جیک برگمین، ٹام سوزی اور جوناتھن جیکسن پر مشتمل وفد نے آج (اتوار) اسلام آباد میں وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور عالمی برادری کو اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں خفیہ معلومات اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی اورامریکی ارکان کانگریس کا دورہ انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے بے مثال کردار کو اجاگر کرنے کے حوالے سے نہایت اہم ثابت ہو گا۔

اس موقع پر امریکی وفد نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کرداربھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔