Sunday, 05 January 2025, 04:37:23 am
 
وزیر خزانہ کا پاک، امریکہ آئی ٹی کے شعبے میں تجارت بڑھانے پر زور
December 31, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان آئی ٹی اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبوں میں تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے اسلام آباد میں ملاقات میں کہا کہ دونوں ملک قریبی معاشی تعلقات سے فوائد حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت دار اور پاکستان کی خدمات اور مصنوعات کی نمایاں منڈی کے طور پر امریکہ کے اہم کردار کو سراہا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کی تعریف کی اور پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور ترقی کیلئے تعاون جاری رکھنے کے لئے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

فریقین نے خصوصاً تجارت اور معیشت کے شعبوں میں باہمی تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

اُدھر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے مضبوط اقتصادی سفارتکاری اور تعاون کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔

انہوں نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی معیشت میں وسیع تر اقتصادی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔

خلیل ہاشمی نے وزیر خزانہ کو پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی اپنی کوششوں سے متعلق بریفنگ دی۔