Thursday, 26 December 2024, 03:47:52 pm
 
وزیراعلیٰ پنجاب کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ
November 30, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پی ٹی آئی کے حالیہ احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث افراد کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حملہ آوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے گی۔

انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار مادروطن کے سپوت ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار ملک میں امن برقرار رکھنے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کیلئے تشدد کا راستہ اختیار کیا۔