Thursday, 01 October 2026, 01:20:23 am
 
پاکستان کسی صورت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، وزیر اطلاعات
September 30, 2026

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے لیکن وہ بھارت کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دے گا۔

وہ اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں پانی کا بطور ہتھیار استعمال، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے تاریخی، قانونی اور تزویراتی پہلو کے عنوان سے خصوصی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں یکطرفہ طور پر تبدیلی، تنسیخ یا اسے معطل نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ثالثی عدالت نے بھی پاکستان کے مؤقف کو جائز اور قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوئی بھی یکطرفہ کوشش نہیں کی جا سکتی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکاسی ویں اجلاس میں کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ہمارے عوام اور خطے کے لیے زندگی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حق پر قبضہ کرنے کی کسی بھی کوشش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اس معاملے پر عالمی برادری سے رابطہ جاری رکھے گا اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے اہم قومی مفادات کا دفاع کرے گا۔