وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو نئی شاہراہوں کی تعمیر میں بہتر انجینئرنگ کے ذریعے سڑکوں پر حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے آمدنی میں اضافے کے لیے دو سال قبل مقرر کردہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا ہے جس سے وہ اپنے موجودہ وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ذریعے سڑکوں کے نئے منصوبے شروع کرنے کے قابل ہو گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے این ایچ اے کو بہتر روڈ انجینئرنگ اور شاہراہوں کے بہتر ڈیزائن کے لیے غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے انجینئرنگ عملے کو بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اپنانا چاہیے اور ایسی موٹرویز تعمیر کرنی چاہئیں جو گاڑی چلانے والوں کے لیے زیادہ محفوظ اور آرام دہ ہوں۔
اجلاس میں مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔