مودی حکومت میں ریاستی ادارے آپس میں ہی دست و گریباں ہو گئے۔ انتہا پسند مودی حکومت کے ناقص کنٹرول کے باعث شکست خوردہ بھارتی فوج ملک کے اندر بھی غنڈہ گردی پر اُتر آئی۔ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں غاصب بھارتی فوج نے پولیس اہلکاروں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی جریدے دی ہندو کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج کے درجنوں اہلکار اتھولی تھانے کی چار دیواری پھلانگ کر اندر داخل ہو گئے۔
دی ہندو کے مطابق اسلحہ اور لاٹھیوں سے لیس 17 راشٹریہ رائفلز کے 40 اہلکاروں نے پولیس سٹیشن میں داخل ہو کر تشدد اور توڑ پھوڑ کی۔ پولیس نے میجر اور کمانڈنگ آفیسر سمیت متعدد بھارتی فوجی اہلکاروں پر اقدام قتل اور حملے کی ایف آئی آر درج کر لی۔ ایف آئی آر کے مطابق فوجی اہلکاروں کا حملہ پہلے سے طے شدہ تھا اور وہ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو قتل کرنا چاہتے تھے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پولیس اور فوج یا پیرا ملٹری اہلکاروں میں تصادم کا یہ پہلا واقعہ نہیں، ماضی میں بھی ایسے کئی واقعات ہو چکے ہیں۔ بھارتی فوج اور پولیس کے درمیان تصادم سے مقبوضہ کشمیر میں تعینات قابض افواج کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ظاہر ہوتی ہے۔
بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر اور دیگر علاقوں میں غنڈہ گردی ظاہر کرتی ہے کہ مودی حکومت ریاستی اداروں پر کنٹرول میں ناکام ہو چکی ہے۔