Wednesday, 13 November 2024, 12:22:33 pm
 
سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاعات پر باجوڑ میں کارروائی،9خوارج ہلاک
October 24, 2024

ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے نو خوارج کو ہلاک کردیا ہے، مارے جانے والے خوارج میں دو خودکش بمبار اور خوارج کا ایک سرغنہ سید محمد عارف عرف قریشی استاد شامل ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے گئے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمدہوا جو سکیورٹی فورسز کے ساتھ معصوم شہریوں کیخلاف کئی دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے ضلع باجوڑ میں خوارج کیخلاف کی گئی کامیاب خفیہ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پوری قوم دہشت گرد ی کیخلاف متحدہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور سکیورٹی فورسز مل کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ صدر نے فتنہ خوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔