صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چین میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے الگ الگ پیغامات میں چین کے صدر شی جن پنگ، سوگوار خاندانوں اور چین کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت نے چین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے چینی بھائی بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔
اس سے قبل چین میں تبت کے علاقے ناگچومیں زلزلے کے باعث کم از کم سولہ افراد ہلاک اور بہت سے زخمی ہو گئے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پرسات ریکارڈکی گئی۔
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے Xinhua کے مطابق زلزلے سے سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے ہیں جبکہ نقصان کی مجموعی وسعت کا تخمینہ لگانے کا عمل اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔