وزیراعظم شہبازشریف نے زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے ملازمت پیشہ خواتین کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت قوم کی اقتصادی ترقی میں پاکستان کی خواتین کے گرانقدر کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کا نصف سے زائد ہیں اور ملک کے مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ خواتین تعلیم اور صحت عامہ سے لے کر کاروبار اور عوامی خدمت تک مختلف شعبوں میں اہم عہدوں پر فائز ہو کر اپنی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ امور اور مستقبل کی نسلوں کی پرورش میں خواتین کا کردار ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت نے پیشہ ورانہ خواتین میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے انہیں بلاسود قرضوں کی فراہمی سمیت متعدد اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی تعلیم اور کھیلوں کی ترقی کیلئے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا اور ان کے کام اور گھریلوں ذمہ داریوں میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ڈے کیئر سینٹر قائم کئے۔