Sunday, 20 April 2025, 08:53:40 pm
 
وزیراعظم نے سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا
April 20, 2025

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر سات روزہ ملک گیر انسداد پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔

انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ انسداد پولیو فیلڈ ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کو یقینی بنا کر ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے میں مدد کریں۔ 

وزیراعظم نے اجتماعی کوششوں سے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی استعداد کار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کے تحفظ کے لئے سکیورٹی کے جامع اور موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔

شہبازشریف نے پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور انہیں متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے حکومتی کاوشوں میں مسلسل تعاون کرنے پر عالمی ادارئہ صحت اور گیٹس فاؤنڈیشن سمیت بین الاقوامی شراکت داروں سے اظہار تشکر کیا۔