وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور کاروبار دوست ماحول یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ جمعرات کے روز اسلام آباد میں Asyad گروپ اور وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔
وزیرخزانہ نے ان گروپوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کے توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں Asyad ہولڈنگز اور وافی انرجی پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وفد نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں توسیع کے بارے میں وزیرخزانہ کو آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ پہلے ہی پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور پیٹرولیم کے شعبے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں مزید تعاون کیلئے اپنے وژن کے بارے میں بتایا۔
وفد نے حکومت کی جاری اصلاحات اور مستحکم معاشی ماحول قائم کرنے کے عزم کو سراہا۔