وزیراعظم شہبازشریف نے اسایمنٹس اورمینجمنٹ سسٹم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد سائلین کو شفاف، موثر اورتیزی سے انصاف فراہم کرنا ہے ۔
جمعہ کےر وز اسلام آباد میں اس نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ نظام کافی پہلے شروع ہوجاناچاہیے تھا کیونکہ ملک بھر کے سائلین اور درخواست گزار شفاف اور تیزی سے انصاف چاہتے ہیں اور اس اقدام سے بڑی حد تک ان کی شکایات کا ازالہ ہوگا ۔
وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی ملاقات کی ہے اور انھیں زیرالتوا مقدمات کے میرٹ پر تیزی سے فیصلے کرنے کی درخواست کی ہے ۔
انہوں نے بین الاقوامی شراکت داروں اقوام متحدہ اور کینیڈا سمیت فریقوں کا شکریہ اداکیا جنہوں نے اس نظام کو مرتب کیا اوراس کیلئے مالی مدد فراہم کی۔
منشیات اور جرائم کی روک تھام سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر کے کنٹری نمائندے TROELS VESTER نے نظم ونسق میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرنے کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کااظہارکیا ۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کیس اسایمنٹس اور مینجمنٹ سسٹم کے نظام کی تیاری میں مدد فراہم کرنے والے پیشہ ور افراد میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔