Friday, 21 February 2025, 11:41:34 pm
 
حکومت جدید رجحانات سے ہم آہنگ میڈیا پرتوجہ دے رہی ہے، عطاء اللہ تارڑ
February 20, 2025

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت دور حاضر کے رجحانات سے ہم آہنگ جدید اور فعال ذرائع ابلاغ یقینی بنانے پر مکمل توجہ مرکوز کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے استعمال میں انصاف سے کام لینے کی ضرورت ہے اور اس میں کسی طرح کی جانبداری کا مظاہرہ نہیں کیا جانا چاہئے۔

وہ ریاض میں سعودی میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایک مکالمے میں اظہارخیال کررہے تھے۔

وزیر اطلاعات نے سماجی مسائل کا سبب بننے والی جھوٹی خبروں اور غلط معلومات پھیلانے کے مسئلے سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ایک ایسا ادارہ ہونا چاہئے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے حقائق کا پتہ لگا سکے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کی بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری مفید ہوسکتی ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ اب نئے معاہدے کے تحت اشتراک عمل کو مضبوط بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خبروں اور تفریح کے بہترین چینلز ہیں اور ہم فلمیں اور دستاویزی فلمیں بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کا پاکستانی میڈیا سے اشتراک عمل خوش آئند ہے۔