وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ججہ گروہ کے بدنام زمانہ سرغنہ کو گرفتار کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران او راہلکاروں کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے اور انٹیلی جنس بیورو حکام سے ملاقات میں انسانی سمگلرزکے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے مکروہ اورگھنائونے فعل میں ملوث افراد قیمتی جانوں کے ضیاع اور دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔
انھوں نے گینگ کے خلاف کارروائی کا حصہ بننے والے ہر افسرا ور اہلکار کو دس لاکھ روپے انعام دیا۔
ججا گینگ کا سرغنہ عثمان ججہ گزشتہ برس یونان میں کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی اموات کے ذمہ داران کے مرکزی کرداروں میں شامل ہے۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم کو ایف آئی اے اور انٹیلی جینس بیورو کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے جاری کاروائیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔