Tuesday, 15 October 2024, 11:31:35 pm
 
وزیراطلاعات کاملکی وغیر ملکی میڈیا کیلئے سہولت سنٹر کا افتتاح
October 14, 2024

وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پیر کے روز اسلام آباد میں پاک چین دوستی سنٹر میں میڈیا سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ایس سی او سربراہی کانفرنس کے مو قع پر ملکی و غیر ملکی میڈیا کی سہولت کے لئے مرکز قائم کیا گیا ہے۔ میڈیا سہولت مرکز میں کمپیوٹر لیب، تیز رفتار انٹرنیت، ڈیجیٹل اسٹوڈیو ، پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو، میڈیا لائبریری اور کانفرنس روم کی سہولت موجود ہے۔بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے ایک چھت کے نیچے میڈیا سہولت مرکز میں بین الاقوامی معیار کی تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایس سی او کی میزبانی کرنا ایک اعزاز ہے اور پاکستان اپنے قابل عزت مہمانوں کا استقبال کرنے کے لئے پر جوش ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایس سی او کی میزبانی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ پاکستان بڑے ایونٹس کی میزبانی کرنے کی بھر پور استعداد رکھتا ہے۔عطا اللہ تارڑ نے سیکورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوے کہا کہ کہ ریڈ زون مکمل طور پر محفوظ ہے اور کانفرنس کے لئے تمام تر فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔معیشت پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشارے درست سمت کی طرف گامزن ہیں اور بین الاقوامی تنظیموں نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا ہے۔