وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات پر زور دیا ہے۔
وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے پائیدار ترقی کے 2030 کے ایجنڈے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی یکطرفہ معطلی سے چوبیس کروڑ پاکستانیوں کے آبی تحفظ اور روزگار کو خطرہ ہے اور بین الاقوامی معاہدے کی ذمہ داریاں متاثر ہوتی ہیں۔
ادھر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ایڈمنسٹریٹر الیگزینڈر ڈی کرو سے ملاقات کے دوران احسن اقبال نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے درمیان دیرینہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے طریقوں سمیت پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔