Wednesday, 14 May 2025, 03:53:46 pm
 
امریکہ میں پاکستانی سفیر کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد سے ملاقات، پاک امریکہ تعلقات پر زور
May 14, 2025

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے سینئر سول اور فوجی افسران پر مشتمل وفد کا سفارت خانہ پاکستان میں خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر نیئر ایسٹ ساؤتھ ایشیا سینٹر فار سٹریٹیجک سٹڈیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

پاکستانی سفیر نے وفد کو قومی سلامتی اور وار کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ تربیت اعلیٰ سطحی قومی ذمہ داریوں کی تیاری کا اہم مرحلہ ہے۔

انہوں نے پاک-امریکہ تعلقات کی تاریخی گہرائی اور وسعت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ان تعلقات کی بنیاد 1947 میں صدر ٹرومین کے قائداعظم کو لکھے گئے خط سے رکھی گئی تھی۔ انہوں نے دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور اقتصادی شراکت داری میں دونوں ممالک کے تعاون کو سراہا۔

 سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جبکہ معدنیات اور زراعت میں مزید تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ بھارت کے ساتھ کشیدگی پر انہوں نے امریکی سفارتی کردار کو سراہا، تاہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے عالمی برادری کی شمولیت پر زور دیا۔

سفیر نے نوجوان پاکستانیوں کی تکنیکی مہارت کو دوطرفہ تعلقات کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ایک مضبوط اور متحرک شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔