بھارت کی جانب سے چھ اور سات مئی کی درمیانی شب بزدلانہ اور اشتعا ل انگیز حملوں میں سات خواتین اور پندرہ بچوں سمیت چالیس شہری شہید اور ایک سو اکیس افراد زخمی ہوئے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے اس سنگین جارحیت کے جواب میں معرکہ حق کے تحت بنیان مرصوص کے ذریعے پوری طاقت سے مخصوص اہداف پر جوابی حملے کئے۔
مادر وطن کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کے گیارہ اہلکار شہید اور 78 زخمی ہوئے۔
بری فوج کے شہید اہلکاروں میں نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کے شہید اہلکاروں میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب،مبشر اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں اس عزم کو دہرایا کہ کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے قوم ثابت قدم رہے گی۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں واضح طور پر کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان کی علاقائی سلامتی و خود مختاری کو دوبارہ چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت سے منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔