Friday, 29 March 2024, 04:46:08 pm
قطر کاپاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار
May 14, 2023

قطر نے قومی ترقی کے پاکستانی منصوبے وژن دوہزار تیس کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی تلاش میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمان الثانی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران اسی دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قطر تعلیم، غذائی تحفظ، ایل این جی پلانٹس کے قیام اور ہوائی اڈوں پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کو اپنا اہم شراکت دار سمجھتا ہے۔قطر کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے جواد سہراب ملک نے پاکستان میں خصوصاً قابل تجدید توانائی، تعلیم، بندرگاہوں پر ایل این جی ٹرمینلز کے قیام، پن بجلی منصوبوں اور ہوائی اڈوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔