Tuesday, 14 July 2026, 05:41:27 am
 
وزیراعظم نے اسلام کے حقیقی اور معتدل تشخص کو اُجاگر کرنے میں مسلم ورلڈ لیگ کے گراں قدر کردار کو سراہا
July 13, 2026

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اسلام کے حقیقی اور معتدل تشخص کو اُجاگر کرنے میں مسلم ورلڈ لیگ کے گراں قدر کردار کو سراہا ہے۔

وہ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج شام اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے اُمتِ مسلمہ میں اتحاد کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں رواداری، اخوت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے میں مسلم ورلڈ لیگ کے کردار کو بھی سراہا۔

اس سلسلے میں انہوں نے لیگ کی عالمی سطح پر سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں سیکرٹری جنرل کی ذاتی قیادت کی تعریف کی اور تنظیم کے اقدامات کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

شہبازشریف نے مسلم دنیا کو درپیش موجودہ مسائل سے نمٹنے کے لیے مذہبی مکالمے کے حوالے سے مسلم ورلڈ لیگ کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ان مسائل میں ایران اور خلیجی برادر ممالک کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال، غزہ میں فلسطینیوں کی مشکلات اور دنیا بھر میں مسلم برادریوں کو درپیش دیگر چیلنجز شامل ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹر العیسیٰ کے پاکستان کے گزشتہ دوروں اور ان کی متعدد خدمات کا ذکر کیا، جن میں اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی سربراہی اجلاس کا انعقاد بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے تعلیم، بین المذاہب مکالمے اور انتہا پسندی و اسلامو فوبیا کے تدارک کے شعبوں میں پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شہبازشریف نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنے احترام کے جذبات کا اظہار کیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

ڈاکٹر العیسی نے اپنے اور اپنے وفد کے لیے پرتپاک مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور عالمِ اسلام میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔

انہوں نے مذہبی، تعلیمی اور انسانی امور میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے 'مسلم ورلڈ لیگ' کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈاکٹر العیسیٰ نے خطے میں امن کی حالیہ کوششوں میں وزیراعظم کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے، اسلام آباد مفاہمت نامے پر دستخط کے سلسلے میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور گراں قدر خدمات کو بھی بھرپور سراہا۔

وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مشترکہ ترجیحات پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جن میں پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے مابین جاری مشترکہ منصوبوں اور اقدامات کی جلد تکمیل شامل ہے۔