Tuesday, 13 October 2026, 03:48:04 am
 
پاکستان اور برازیل کا فوجی سطح پر تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
October 12, 2026

برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے آج راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

جی ایچ کیو آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ قریبی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور فوجی سطح پر تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی تیاریوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔