Wednesday, 15 January 2025, 10:04:40 am
 
وزیراطلاعات کا موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے عزم کااظہار
September 12, 2024

وزیراطلاعات ونشریات عطا اﷲ تارڑ نے بین الاقوامی شراکت داروں کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے حکومت کے عزم کااظہار کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی رابطہ کار رومینہ خورشیدعالم کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کا عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں حصہ بہت کم ہے لیکن بدقسمتی سے وہ ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات سے بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے اس مسئلے کے حل کے لئے بنیادی سطح تک آگاہی پیدا کرنے اور عام لوگوں کو شجرکاری مہم میں حصہ لینے پر قائل کرنے پر زور دیا۔

وزیر اطلاعات نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے عالمی شراکت داروں کے ساتھ روابط قائم کرنے پر موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی رابطہ کار رومینہ خورشید عالم کی کوششوں کی تعریف کی۔

موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کی معاون رومینہ خورشید عالم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کے لئے ایک سو ارب ڈالر کے مالی تعاون کے عزم کو ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی سفارتکاری پر موثرانداز میں عمل پیرا ہے اور V20 ممالک جو موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہیں۔ آئندہ COP سربراہ اجلاس میں ترقی یافتہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کی روک تھام کے سلسلے میں ان سے تعاون کرنے پر آمادہ کریںگے۔