Wednesday, 15 January 2025, 04:07:18 am
 
وزیراعظم کا تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فعال اقدامات پر زور
January 14, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فعال اقدامات پر زور دیا ہے۔آج (منگل) اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی وزیر تعلیم سے کہا کہ وہ تعلیم کے فروغ کیلئے صوبوں سے قریبی رابطہ رکھیں اور اسے ایک بڑی قومی خدمت قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد دو کروڑ اٹھائیس لاکھ ہے جن میں اکثریت لڑکیوں کی ہے۔وزیراعظم نے لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں وفاقی دارالحکومت میں حال ہی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے مفید بات چیت ہوئی۔انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے بھی چند ماہ قبل تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔وزیراعظم نے یورپ کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پروازوں کی بحالی کو اہم کامیابی قرار دیا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ برطانیہ کیلئے بھی پروازیں جلد دوبارہ شروع ہوں گی اور اس سے پاکستانی مسافروں کو سہولت میسر آئے گی۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجگور میں پاک ایران سرحد پر ایک نیا راہداری پوائنٹ کھولا گیا ہے جو قانونی تجارت کے فروغ اور سمگلنگ کی روک تھام میں معاون ثابت ہو گا۔ اُنہوں نے نیا کراسنگ پوائنٹ کھولنے میں تعاون پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کُرم میں صورتحال معمول پر آنے پراطمینان کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ علاقے کو اشیائے خورو نوش اور ادویات کی ترسیل جاری ہے۔ اُنہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ امن برقرار رکھنے کیلئے تمام شراکت دار مشترکہ کوششیں کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیکورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی ایک کارروائی میں ستائیس دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں یاد رکھی جائیں گی۔ اُنہوں نے ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس طرح کا امن بحال کیا جائے گا جیسا کہ دو ہزار اٹھارہ میں نواز شریف کی قیادت میں کیا گیا تھا۔