وزیراعظم نے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح محمد البدیر کے دورہ پاکستان کو ملک کیلئے باعث فخر قرار دیا ہے۔
لاہور میں ان کے ساتھ ملاقات میں شہبازشریف نے کہا کہ معزز مہمان کے اس دورے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔
وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مسجد نبوی کے امام نے خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر سعودی رہنماؤں کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔