Wednesday, 12 March 2025, 09:07:52 pm
 
ٹرین حملہ،27دہشت گردوں کو ہلاک،190مسافروں کو بازیاب کرالیاگیا
March 12, 2025

سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر حملے میں ملوث ستائیس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے اب تک 190 مسافروں کو دہشت گردوں سے بازیاب کرا لیا ہے۔

جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کے دہشت گرد، افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے خود کش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل پاس بٹھایا ہوا ہے۔خود کش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹیں پہنے ہوئے ہیں۔

ممکنہ شکست کے پیش نظر دہشت گرد معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔خود کش بمباروں نے تین مختلف جگہوں پر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔

عورتوں اور بچوں کی خود کش بمباروں کے ساتھ موجودگی کی وجہ سے آپریشن میں انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے

37 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی ماندا دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔