Wednesday, 15 January 2025, 10:02:31 am
 
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال
August 11, 2024

پیرس اولمپکس میں نیزہ پھینکنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر طلائی تمغہ حاصل کرنے والے پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کاوطن واپسی پر والہانہ  استقبال کیا گیا۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جیسے ہی ان کا طیارہ اترا تو اسے روایتی Water-Cannon سلیوٹ پیش کیا گیا۔

ائیرپورٹ پر قومی ہیرو کا استقبال کرنے والوں میں دیگر شخصیات سمیت وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ، پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری،

صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، مسلم لیگ نون کے رہنماء خواجہ سعد رفیق اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد شامل تھے۔

استقبال کرنے والوں میں ارشد ندیم کے اہلخانہ بھی شامل تھے جنہوں نے اپنے گائوں سے لاہور تک خصوصی پروٹوکول میں سفر کیا۔

ارشد ندیم کا طیارہ استنبول کے راستے آج رات ایک بجے کے بعد لاہور کے ہوائی اڈے پر پہنچا۔

ہوائی اڈے آمد پر ارشد ندیم کے پرستاروں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ارشد ندیم زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

واپسی پر ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساری پاکستانی قوم اور والدین سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔

انہوں نے حکومت اور وزیراعظم پاکستان کا بھی سہولیات کی فراہمی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

ارشد ندیم نے میاں چنوں میں اپنے آبائی قصبے کیلئے روانگی سے پہلے ایک ڈبل ڈیکربس پر لاہور شہر کا دورہ بھی کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا اور کہا کہ یہ پاکستان کیلئے فخر کا لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود جیت کی لگن اور جذبے سے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے ارشدندیم کی طرح مزید کھلاڑیوں کی تربیت اور ترقی کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے ارشدندیم کیلئے وزیراعظم کے بھرپور تعاون کو اجاگر کیا اور پاکستان میں ہرنوجوان کھلاڑی کیلئے اسی طرح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت عزم کااعادہ کیا۔