Wednesday, 15 January 2025, 01:10:09 pm
 
قومی اقتصادی کونسل کی پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کی اصولی منظوری
June 11, 2024

قومی اقتصادی کونسل نے 13ویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کی اصولی منظوری دی ہے۔کونسل کا اجلاس وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوا۔قومی اقتصادی کونسل نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اقتصادی استحکام اور متعدد شعبوں میں برآمدات کے فروغ کے بارے میں تمام صوبوں کے لئے ایک جامع لائحہ عمل پیش کرے۔قومی اقتصادی کونسل کو بتایا گیا کہ آئندہ مالیاتی بجٹ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری بین الاقوامی سرمایہ کاری اور زیر تکمیل دیگر جاری منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ حکومت اقتصادی بحالی عوام کی فلاح وبہبود اور ملکی کی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ یقینی بنائے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت صوبوں اوردیگر شراکت داروں کے ساتھ تمام کلیدی معاملات پر مشاورت یقینی بنائے گی اور ملک میں ا قتصادی بحالی کیلئے اتفاق رائے کو فروغ دے گی۔وزیراعظم نے زراعت اور دیگر شعبوں کے بارے میں صوبوں کی تجاویز ترقیاتی منصوبے میں شامل کرنے کویقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔