Friday, 12 June 2026, 11:48:14 pm
 
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنیوں کی شاندار کارکردگی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ گیا
June 10, 2026

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنیوں کی شاندار کارکردگی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کر دیا ہے، جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ برسوں میں اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ ہونے والی نئی کمپنیوں نے مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کو نمایاں منافع فراہم کیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 13 نئی کمپنیوں نے اوسطا 47 فیصد تک منافع دیا، جس سے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع مزید پرکشش ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق زاریا لمیٹڈ کے شیئرز میں 179.5 فیصد جبکہ نیٹس انٹرنیشنل کمیونیکیشن کے شیئرز میں 154.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات، زراعت اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کی بہتر کارکردگی نے مجموعی مارکیٹ رجحان کو مثبت سمت دی ہے۔

ماہرین کے مطابق نئی کمپنیوں کی یہ کارکردگی پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری اور سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔