Monday, 10 February 2025, 08:07:29 am
 
وزیراطلاعات نے وزیراعظم کے دورہ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیا
June 10, 2024

وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ چین کو تاریخی اور انتہائی کامیاب قرار دیا ہے۔

انہوں نے آج (پیر) کو اسلام آبادمیں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔

وزیراطلاعات نے یقین ظاہر کیا کہ ایم ایل ون، کراچی سرکلر ریلوے، ایک چینی ٹیکنیکل کمپنی کی جانب سے دولاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت کی فراہمی اور سی پیک کے دوسرے مرحلے جیسے سمجھوتوں اور منصوبوں پر آئندہ چند ہفتے میں پیشرفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو نئی جہت دینے سے دونوں ملکوں کے عوام کو باہمی طور پر فائدہ ہوگا۔

عطاء اﷲ تارڑ نے کہاکہ معیشت صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور افراط زر اور حسابات جاریہ میں خسارے کی شرح کم ہورہی ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملک کو خارجہ محاذ میں بھی کامیابیاں مل رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کیلئے بھاری اکثریت سے پاکستان کے انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے پاکستان پر دوست ملکوں کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔