پاکستان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے سبی کے قریب جعفر ایکسپریس ٹرین پر دہشت گرد حملہ بیرون ملک سے دہشت گرد گروہ کے رہنمائوں کی منصوبہ بندی اور ہدایت پر کیا گیا۔
آ ج اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ دہشت گرد پورے واقعے کے دوران افغانستان میں مقیم منصوبہ سازوں سے براہ راست رابطے میں رہے۔
ترجمان نے کہا پاکستان عبوری افغان حکومت سے متعدد بار کہہ چکا ہے کہ وہ بی ایل اے جیسے دہشت گرد گروپوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرنے دے۔
انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے اس گھنائونے فعل کے کارسازوں اور مالی معاونت دینے والوں کو ذمہ دار ٹھہرائے اور دہشت گردی کے اصل مددگاروں سمیت حملے میں ملو ث تمام افرا د کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے پاکستانی حکومت سے تعاون کرے۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق حالیہ بیان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ بیان بلاجواز اور حقائق کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بیان بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموںو کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹاسکتا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی رہنمائوں کو آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے متعلق تشویش ظاہر کرنے کے بجائے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق خصوصاً حق خودارادیت دینا چاہیے۔
فلسطین کے حوالے سے شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے غز ہ کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی ناکہ بندی اور بجلی کی ترسیل کے تعطل کی شدید مذمت کرتا ہے۔