وزیراعظم شہبازشریف نے ماہانہ دوسو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے پچاس ارب روپے کے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے یہ اعلان آج(منگل) سہ پہر اسلام آباد میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے بارے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈھائی کروڑ گھریلو صارفین اس پیکج سے جولائی، اگست اور ستمبر میں مستفید ہوسکیںگے جو مجموعی صارفین کا چورانوے فیصد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیکج کے تحت بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت چار سے سات روپے تک ہوگی۔
کے الیکٹرک کے صارفین بھی اس سبسڈی کے اہل ہوںگے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ پچاس ارب روپے ترقیاتی فنڈ سے خرچ کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کے تناظر میں عام آدمی کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔