پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آج(اتوار) موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد مری اور گلیات میں برفباری کا سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں مری میں تمام سہولت مراکز کو فعال کیے جانے کے علاوہ برفباری کے سیکورٹی منصوبے پر عملدرآمد شروع کیا گیا ہے۔
شہری دفاع کے رضاکاروں نے مری کی تمام سڑکوں کا کنٹرول سنبھال لیا اور سیاحوں کو بچانے کیلئے فل ڈریس ریہرسل کی۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی نے بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مری کا دورہ کیا اور سیکورٹی سامان کے تین ٹرک مری کے ڈی سی کے حوالے کیے۔
راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر عامر رفیق نے بھی ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ٹریفک وارڈنز کی اضافی فورس مری بھیجے۔
راولپنڈی ڈویژن میں تعینات مری کے پولیس اہلکاروں کو پیشکش کی گئی ہے کہ وہ مری کے پولیس سٹیشنوں میں رضاکارانہ طور پر فرائض انجام دے سکتے ہیں۔