Wednesday, 15 January 2025, 02:46:58 pm
 
ملک کی ترقی و خوشحالی میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے،ڈار
September 08, 2024

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کسی بھی داخلی یا خارجی عناصر کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دے گی۔

انہوں نے یہ بات لندن میں پاکستانی نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات میں کہی۔

اسحاق ڈار نے ریاستی اداروں پر حملہ کرنے والوں اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کیلئے بین الاقوامی فورمز استعمال کرنے والوں سے بات چیت کے امکان کو مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں کوئی بھی دبائو قبول نہیں کرے گی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کو دوبارہ اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ حکومت کے مشکل اور سیاسی طور پر غیر مقبول اقدامات کے اب ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کو دس فیصد سے کم ہو گئی ہے اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ مستحکم کرنسی سے قابو میں آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ سال قائم کردہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ، پاکستان کے توانائی، کان کنی، آئی ٹی اور زاعت کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نمایاں دلچسپی مبذول کر رہی ہے۔

نائب وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ سے پاکستان میں براہِ راست برطانوی سرمایہ کاری کی ترغیب اور دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے بارے میں تجاویز مانگیں۔