یوم بحریہ آج منایا جارہا ہے جس میں پاک بحریہ کے ان سابق فوجیوں اور شہداء کی شاندار کامیابیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے جنہوں نے ایک بہت بڑے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا۔یوم بحریہ جرات مندانہ آپریشن "سومنات "کی ایک شاندار یاد ہے، جب پاک بحریہ کے جنگی جہازوں نے ساحل پر اہم تنصیبات کو تباہ کیا اور بھارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔اپنے پیغام میں بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ یوم بحریہ ہماری بحری تاریخ کا ایک تاریخ ساز دن ہے جہاں ہمارے نڈر فوجیوں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ دشمن کو پوری طاقت سے زک پہنچائی ۔یوم بحریہ غیر معمولی کارروائیوں کے سلسلے کی یاد منانے کا ایک موقع ہے جو ہمارے بحری سپاہیوں کے ناقابل شکست جوش و جذبے اور ہمت کی مثال ہے۔آپریشن "سومنات" جرات وبہادری کا ایک استعارہ ہے، جب پاک بحریہ کے جہازوں نے دوارکا کی بھارتی بندرگاہ پر دشمن پر اچانک حملہ کردیا۔