Thursday, 12 September 2024, 05:17:04 pm
 
اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم
June 07, 2023

وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ قومی اقتصادی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے تعلیم، صحت اورجدید بنیادی ڈھانچے اورٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان میں سبزانقلاب دوعشاریہ صفرکی بنیاد رکھ رہی ہے جو ملک کو زراعت میں خودکفیل بنادے گا۔

اجلاس میں معاشی اہداف، وفاقی ترقیاتی پروگرام اورصوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا۔

خزانہ اورمنصوبہ بندی کی وزارتوں کے حکام نے اجلاس کوبجٹ کے اعدادوشمارپربریفنگ دی۔

قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال دوہزاربائیس اورتئیس کے لئے نظرثانی شدہ ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی۔

کونسل نے مالی سال دوہزارتئیس چوبیس کے لئے قومی ترقیاتی بجٹ کی بھی منظوری دی۔

آئندہ مالی سال کے لئے قومی ترقیاتی بجٹ کاحجم دوہزارسات سونوارب روپے ہوگا، ان میں سے نوسوپچاس ارب روپے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں اگلے مالی سال کی اقتصادی شرح نموکاہدف ساڑھے تین فیصد مقررکرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔

قومی اقتصادی کونسل نے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں ایک سوپینتالیس فیصدکی منظوری دی جو اب بڑھ کرساٹھ ارب روپے ہوگا۔

اس کے علاوہ قومی اقتصادی کونسل نے وزیراعظم یوتھ قرض پروگرام، پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ،آئی ٹی سٹارٹ اپس، لیپ ٹاپس سکیم ،یوتھ سکل ڈویلپمنٹ اورسرمایہ کے حصول کے پروگرام کے لئے اَسی ارب روپے کی بھی منظوری دی۔