Wednesday, 08 January 2025, 07:52:25 am
 
اعتزازحسن شہید کی گیارہویں برسی
January 06, 2025

ہنگو کے ایک سکول میں ایک خودکش بمبار کے داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے اعتزاز حسن کی  گیارہویں برسی پیر کو منائی گئی۔

اعتزاز دہشت گردی کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے دو ہزار چودہ میں اِسی دن سینکڑوں افراد کی جانیں بچا کر قومی ہیرو بن گئے۔

اعتزاز حسن نے خودکش بمبار کو اپنے سکول کے مرکزی دروازے میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے اپنی گرفت میں لے لیا تھا۔

بعد ازاں اعتزاز حسن کو اس کی بہادری پر ستارہ شجاعت سے نوازا گیا تھا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہید اعتزاز حسن کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ہنگو سے تعلق رکھنے والے سچے فرزند وطن اعتزاز حسن کی غیر معمولی جرات ہمارے لئے امید کی ایک کرن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ برس کی عمر میں انہوں نے اپنے سکول اور ہم جماعتوں کا بہادری سے تحفظ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

اعتزاز حسن کا بے لوث اور غیر متزلزل عزم ہمیں یاد لاتا ہے کہ ہمت اور بہادری کا ایک عمل کئی زندگیوں کو بچا سکتا ہے۔

اعتزاز حسن کی مثال آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہو گی۔