Saturday, 05 September 2026, 04:10:50 pm
 
وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت شپ بلڈنگ، شپنگ ری سائیکلنگ اور فشریز میں خود انحصاری کا نیا دور
September 05, 2026

وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت پاکستان کے میری ٹائم شعبے میں مقامی صلاحیت کی بحالی اور خود انحصاری کے لیے اہم اقدامات جاری ہیں۔

کراچی میں 1980 کی دہائی کے بعد پہلی بار کمرشل شپ یارڈز کی تعمیر کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنے بیڑے کو 54 جہازوں تک وسعت دے کر قومی کارگو کی ملکی شپنگ کے ذریعے ترسیل کو فروغ دے رہی ہے۔

این ایل سی کی شپنگ شعبے میں شمولیت سے قومی کارگو کی ترسیل میں ملکی صلاحیت اور خود انحصاری بڑھانے کی کوششیں بھی تیز ہوگئی ہیں۔

شپنگ، جہاز سازی اور شپ ری سائیکلنگ کے شعبوں میں بہتری کے لیے متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ شپ ری سائیکلنگ کی صنعت بھی آٹھ سال بعد دوبارہ فعال ہوگئی ہے اور 16 نجی ری سائیکلنگ یارڈز قائم کیے گئے ہیں۔

ہانگ کانگ کنونشن کی منظوری سے ماحول دوست شپ ری سائیکلنگ کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دینے کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔

میری ٹائم شعبے کے دیگر اہم حصوں، خصوصا ماہی گیری اور ایکوا کلچر کے فروغ کے لیے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت کسانوں، ماہی گیروں اور ساحلی آبادیوں کی آمدن میں نمایاں اضافہ کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

شپنگ، جہاز سازی، شپ ری سائیکلنگ اور فشریز کے شعبوں میں جاری اصلاحات پاکستان کے میری ٹائم شعبے کو معاشی ترقی اور خود انحصاری کا اہم ذریعہ بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔